تعارف جامعہ

تاسیس جامعہ

Shape

راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع ایک روشن علمی چراغ

راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم، سوہان فیض آباد کے مقام پر موجود،جامعۃ العلوم الاسلامیہ ایک عظیم دینی مرکز ہے، جو اس دور میں قرآن وحدیث کی خدمت اور علماء کی تیاری کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

اس ادارے کوبرصغیر کے عظیم علمی و روحانی رہنما، شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کی سرپرستی حاصل ہے۔ اسی نسبت سے، جامعہ کا باقاعدہ افتتاح بھی انہی کے بابرکت ہاتھوں سے 11 مارچ 2021ء کو انجام پایا، جو اس ادارے کے لیے ایک تاریخی اور روح پرور دن تھا۔

جامعہ کے انتظامی و تعلیمی اُمور کی نگرانی اور تربیتی ماحول کی روح رواں شخصیت شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالغفار صاحب دامت برکاتہم العالیہ ہیں، جو اپنے علم، اخلاص، اور خداداد صلاحیت کے ذریعے طلبہ کی علمی، اخلاقی اور روحانی تربیت میں مصروف ہیں۔آپ مہتمم کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

جامعۃ العلوم الاسلامیہ آج نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے پاکستان میں علمی وقار، تعلیمی معیار، اور روحانی اثرات کی بنا پر ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔

جامعہ کےشعبہ جات:

Shape

جامعہ میں اس وقت درج ذیل شعبے خدمات سرانجام دے رہے ہیں :

1- شعبہ تحفیظ القرآن

2- شعبہ درس نظامی (قسم الاردو،قسم العربی)

3- شعبہ تخصصات (الافتاء، اللغۃ العربیہ)

4- دارالافتاء

5- مالیات

شعبہ تحفیظ القرآن کا تعارف:

جامعہ میں قواعد تجوید کے مطابق بچوں کو قرآن مجیدیاد (حفظ) کرانے کے لئے شعبہ تحفیظ القرآن قائم ہے جس میں ماہر و تجربہ کار قراء حضرات کی زیر نگرانی حفظ کی دو کلاسیں چل رہی ہیں اس شعبہ میں حفظ قرآن کریم کے علاوہ مقامی بچوں کے لئے جزوی طور پر ناظرہ قرآن پڑھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے اور حفظ کے بچوں کے لئے پرائمری لیول تک عصری مضامین (اردو، ریاضی، انگریزی) پڑھانے کی ترتیب بھی قائم ہے تاکہ دوران حفظ عصری علوم کے ساتھ بچوں کی مناسبت بھی برقرار رہے اور ان کی استعداد میں مزید اضافہ بھی ہو۔حفظ اور عصری علوم کی تعلیم کے ساتھ بچوں کی اصلاح اور تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کے لئے وقتا فوقتا اصلاحی اور تربیتی بیانات کئے جاتے ہیں۔

شعبہ درس نظامی کا تعارف:

درس نظامی کے نام سے جو نصاب آج تمام مدارس عربیہ میں پڑھایا جارہا ہے اس کے بانی ملا نظام الدین سہالوی لکھنوی ؒ ہیں ، اس نصاب میں مختلف موضوعات مثلا: تفسیر، اصول تفسیر، حدیث، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، معانی، بلاغت، ادب، منطق، کلام، فلسفہ، کی تقریباً چالیس کتابیں پڑھائی جاتی ہیں۔ ہمارے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی ترتیب کے مطابق یہ نصاب چارمراحل (عامہ، خاصہ، عالیہ، عالمیہ) پر مشتمل ہے اور ہر مرحلہ دو سالوں پر مشتمل ہے تو کل آٹھ سالہ نصاب ہے۔ ہمارے یہاں جامعہ میں درس نظامی اردو اور عربی دو زبانوں میں پڑھایاجارہاہے۔

شعبہ تخصصات:

"تخصص "کا مطلب کسی ایک فن میں مہارتِ تامہ حاصل کرنا۔اس غرض سے جامعہ دو قسم کے تخصصات کراتا ہے:

1- تخصص فی الافتاء

2- تخصص فی اللغہ۔

تخصص فی الافتاء:

تخصص فی الافتاء دو سالوں پر مشتمل ہوتاہے۔تخصص فی الافتاء میں ان ہی طلباء کو داخلہ دیا جاتا ہے جودرسِ نظامی سے فارغ التحصیل ہوں اور فقہی ذوق کے ساتھ ساتھ صاحبِ استعداد بھی ہوں،تخصص فی الافتاء کے پہلے سال میں مطالعتی اورتدریسی کتب کے علاوہ ہرطالبِ علم کو تفسیر،احادیث،فقہ اوراصول فقہ کی مختلف کتابوں پر تیس خاکہ جات(خاکہ میں طالب علم ،مصنف کانام،کتاب کا نام،کتاب کی نوعیت،کتاب کی خصوصیات،مصنف کے حالاتِ زندگی وغیرہ قلم بند کرنا ہوتاہے)،فقہی موضوعات یا فقہی قواعد پر دس تخریجات،جدید فقہی موضوع پردو پریزینٹیشن،اورستر (70)فتاوی لکھنے کا مکلف بنایا جاتاہے،جبکہ دوسرے سال میں مطالعتی اورتدریسی کتب کے علاوہ ایک سوتیس(130) فتاوی کے ساتھ ساتھ کسی جدید فقہی موضوع پر ایک معیاری مقالہ کا بھی پابند بنایا جاتاہے۔اس طرح دو سالوں میں کل دو سو فتاوی لکھنے کا مشق ان سے کرائی جاتی ہے۔

تخصص فی اللغہ:

یہ بات واضح ہے کہ کسی بھی اجنبی زبان کو سمجھنے اوربولنے کےلئے چار بنیادی مہارتوں پر دسترس حاصل کرنا ضروری ہے یعنیspeaking skill(بول چال)،Writing skill( لکھنا)،Reading skill(پڑھنا) اورlistening skill(سننا)۔

الحمدللہ ،جامعہ میں تخصص فی اللغۃ میں ان تمام مہارتوں پر حتی الوسع محنت کی جاتی ہے،ایک ایک طالبِ علم کویومیہ کی بنیاد پر عربی زبان میں اظہار ما فی الضمیر کا موقع دیا جاتاہے،عربی انشاء کی مشق کرائی جاتی ہے اورجدید ڈیجیٹل آلات سے عربی حوارات،اخبار اورمباحثے سننے کا موقع انہیں فراہم کیا جاتاہے۔اس کے علاوہ طلباء کو"اللغۃ المعاصرہ" (جدید عربی زبان) پڑھائی جاتی ہے،اورسال کے آخر میں ایک اہم موضوع پر عربی زبان میں مقالے کا پابند بنایا جاتاہے۔

شعبہ دارالافتاء :

جامعۃ میں دیگر شعبہ جات کی طرح ایک فعال شعبہ "دارالافتاء " کا بھی ہے جو ہرسال سینکڑوں کی تعداد میں تحریری اور زبانی جوابات سے لوگوں کو مستفید کر رہا ہے ، دارالافتاء میں ملک بھر سے براہ راست ، خط وکتابت ، موبائل کال اور واٹس ایپ کے ذریعے سوالات آتے ہیں اور ہفتے کے اندر اندر سوالات کے جوابات تحریر کرکے بھیجنے کی حتی الوسع کوشش کی جاتی ہے ، تاہم کبھی کبھار سوال تحقیق طلب ہوتاہے ، تو اس کی تنقیح وتحقیق میں پورا مہینہ بھی لگ جاتاہے ۔

الحمد للہ دارالافتاء میں ہمہ وقت تجربہ کار مفتیان کرام کی ایک ٹیم مصروف عمل رہتی ہے ، اور نہایت احسن انداز سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔

شعبہ مالیات :

جامعہ کا شعبہ مالیات آمدن واخراجات کا پوری دیانت داری کے ساتھ مکمل حساب رکھتا ہے اور باقاعدگی کے ساتھ سالانہ آڈٹ کروایا جاتاہے۔جامعہ میں چندہ کے لیے کوئی سفیر مقرر نہیں ہے اور نہ ہی جگہ جگہ جاکر چندہ کرنے کی ترتیب ہے ۔

تعمیری منصوبے:

Shape

1- مسجد کے اوپر مزید دومنزلہ عمارت۔ایک منزل دارالقرآن کےلئے، جبکہ دوسری منزل طلباء کی رہائش کےلئے (ہاسٹل)

2- جدید لائبریری۔

3- کم ازکم میٹرک تک سکول سسٹم کا قیام

4- وسیع دارالقرآن کا قیام۔

5- اساتذہ کےلئے رہائشی مکانات۔