جامعۃ العلوم الاسلامیہ کی انتظامیہ کی ہمیشہ یہ بھرپور کوشش رہتی ہے کہ اپنے معزز طلبہ کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ تمام ممکنہ جائز سہولیات بھی مہیا کی جائیں، تاکہ وہ یکسوئی اور اطمینانِ قلب کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کر سکیں۔ الحمدللہ،اس سلسلے میں جامعہ کی طرف سے مہیا کردہ نمایاں سہولیات درج ذیل ہیں:
جامعہ میں بیرونِ شہر اور مقامی طلبہ کے لیے باقاعدہ رہائشی سہولت موجود ہے۔ دارالاقامہ میں طلبہ کو صاف ستھرا، محفوظ اور بااخلاق ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔
طلبہ کرام کو روزانہ دو وقت کا مکمل کھانا اور صبح کا ناشتہ جامعہ کی طرف سے بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔کھانے کا معیار حفظِ صحت کے اصولوں کے مطابق ہوتا ہے، اور باقاعدہ نظم و نسق کے ساتھ مہیا کیا جاتا ہے۔
جامعہ کی لائبریری علمی ذخیرے کا گراں قدر مرکز ہے، جہاں طلبہ کو معینہ اوقات میں مطالعے کے لیےقدیم و جدید کتب سے استفادہ کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
طلبہ کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے جامعہ میں ایک مفت ڈسپنسری کا نظام موجود ہے، جہاں فوری طبی امداد اور بنیادی علاج کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔
عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تخصص فی الافتاء اور تخصص فی اللغہ العربیہ کے طلبہ کےلیے جدید ڈیجیٹل کمپیوٹر لیب قائم کی گئی ہے۔ اس میں ماہر اساتذہ کی نگرانی میں طلبہ کو ضروری کمپیوٹر پروگرامز، ٹائپنگ، آن لائن مطالعہ، ریسرچ، اور عربی و اردو کتابت کے حوالے ۔سے جدید سافٹ ویئرز کی تربیت دی جاتی ہے
طلبہ میں ایثار، قربانی، خدمتِ خلق اور اخوت و بھائی چارگی کے ساتھ نظم و تنظیم سازی کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کےلئے جامعہ میں "اسلامیہ ویلفیئر ٹرسٹ" کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،جو اساتذہ کرام کی نگرامی میں کام کرتاہے۔ ٹرسٹ میں کام کرنے والے طلباء"اپنی مدد آپ" کے اصول پر کام کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ محدود پیمانے پر آپس میں فنڈ بھی جمع کرتے ہیں۔ یہ شعبہ نہ صرف جامعہ کی بعض ضروریات کے پورا کرنے میں ممدہے بلکہ طلباء کی تربیت کا عملی میدان بھی ہے۔