ہم نصابی سرگرمیاں

ہم نصابی سرگرمیاں

Shape

جامعۃ العلوم الاسلامیہ کی انتظامیہ اس بات پر کامل یقین رکھتی ہے کہ طلبہ کی علمی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں اور شخصی قابلیتوں کو نکھارنا بھی نہایت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جامعہ میں تعلیم کو صرف درسی نصاب تک محدود نہیں رکھا جاتا، بلکہ طلبہ کی فکری، لسانی، اور اخلاقی تربیت کے لیے مختلف النوع ہم نصابی سرگرمیوں کا باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ کی ہر لمحہ یہ سعی رہتی ہے کہ طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے اور ان میں خوداعتمادی، مثبت سوچ، قائدانہ صلاحیت، تقریری و تحریری مہارت، اور باہمی تعاون کا جذبہ پیدا ہو۔ اس مقصد کے حصول کے لیے جامعہ میں وقتاً فوقتاً مختلف اوقات میں نہایت مفید اور پُراثر ہم نصابی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں، جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

1- بزم:

طلباء کی بیان و تقریر کی صلاحیت کو اجاگر کرنےکےلئے ہفتہ وار بزم منعقد ہوتی ہےجس سے طالبعلم اپنےاظہار ما فی الضمیر پر اچھی طرح قادر ہو جاتا ہے، اس کا انعقاد موسم گرما میں بدھ کے دن بعد از ظہر جبکہ موسم سرما میں بعد از مغرب کیا جاتا ہے،اور اس میں ہر کلاس کے طلبہ اپنی اپنی درسگاہ میں ایک مرتب ترتیب کے مطابق تقاریر ، حمد و نعت اور بزم کے پروگرام کو چلانے کے دیگر امور سر انجام دیتے ہیں۔اورترتیب وار ہر ایک طالب علم بزم کی پوری کاگزاری کاپی میں رپوٹ کی شکل میں لکھتا ہے،اوردوسرے دن اپنے مسئول استاد سے دستخط کرالیتا ہے۔

2- مجلاتِ جداریہ:

طلبہ میں تصنیف وتالیف اور تحریر کی صلاحیت پیدا کرنے کے لئے درجہ ثامنہ تک مجلات جداریہ کی سرگرمیاں بھی جاری رہتی ہیں اور قسم الاردو ، اور قسم العربی کے طلبہ اس میں حصہ لیتے ہیں۔

قسم الاردو کے طلبہ اردو میں مضامین لکھتے ہیں اور قسم العربی کے طلبہ عربی میں مضامین لکھتے ہیں جو نگران اساتذہ کی جانچ پڑتال اور اصلاح وترمیم کے بعد صاف لکھ کر نوٹس بورڈ پر آویزاں کئے جاتےہیں ۔

3- مقابلہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم:

اس مقابلہ کے ذریعے طلبہ کرام میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم۔ کو اپنانے اور اس سے آگاہی حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا جاتا ہے ، اس مقابلہ کیلئے جامعہ کی طرف سے تقریباً چار پانچ ماہ قبل سیرتِ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان پر لکھی ہوئی کسی کتاب کا تعین کر دیا جاتا ہے، اوراس کتاب سے ہی سوالات بنا کر طلبہ کے مابین " کوئز کمپٹیشن " کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

4- مقابلہ حمد ونعت:

اس مقابلہ کے ذریعے طلبہ کرام میں منظوم کلام پیش کرنے کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بیدارکیا جاتا ہے۔

5- مقابلہ مشق و حدر:

اس مقابلہ سے طلبہ میں قرآن مجید کو خوش الحانی سے پڑھنے کے جذبے کو جگایا جاتا ہے۔

6- اردو ،عربی تقاریر کا مقابلہ:

طلبہ میں اظہار مافی الضمیر کے شوق او ر ملکہ کو بڑھانے کے لئے تعلیمی سال کے آخر میں قسم الاردو کے طلبہ کے مابین اردو تقاریر اور قسم العربی کے طلبہ کے مابین عربی تقاریر کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتاہے۔

7- خاکہ جات:

اردو اور عربی درجات کے طلبہ کرام اردو اور عربی زبان میں عمدہ اور سبق آموز خاکے بھی پیش کرتے ہیں ۔جن میں بہت سے عمدہ اور بہترین سبق پنہاں ہوتے ہیں۔

8- خوشخطی:

جامعہ ہر وقت ہر ہر بچے کی مختلف نوع کی صلاحیتوں کی جانچ پڑتال میں جُتا رہتا ہے ، اور طلبہ کی ہر طرح کی ممکنہ کمزوری کو دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ، چنانچہ اساتذۂ کرام جن جن طلبہ کے خط میں کمزوری سمجھتے ہیں ، تو ان کو خط کے درست کرنے کا مکلف بنا دیتے ہیں، نیز جامعہ کی طرف سے اس کام کیلئے خوشخط اساتذہ کی نگرانی بھی مہیا کی جاتی ہے۔